کھیل

بابر اعظم نے یونائیٹڈ کے خلاف سنچری کے ساتھ کئی ریکارڈز توڑ دیے

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کر کے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے 59 گیندوں پر 103 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کی اس کارکردگی کی بدولت زلمی نے 20 اوورز میں 221 رنز کا مجموعہ کھڑا کیا۔

اس سنچری کے ساتھ بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں عثمان خان کے برابر آ گئے، دونوں کے نام 4، 4 سنچریاں ہیں۔

پی ایس ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں

  • عثمان خان — 4
  • بابر اعظم — 4
  • کامران اکمل — 3
  • ریلی روسو — 3
  • فخر زمان — 3

بابر اعظم ایک ہی سیزن میں دو سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی بھی بن گئے، اس سے قبل یہ کارنامہ عثمان خان نے 2024 میں انجام دیا تھا۔

مزید برآں، بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں چوتھی بار ایک سیزن میں 500 سے زائد رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ وہ 2021، 2023، 2024 اور 2026 میں یہ سنگِ میل عبور کر چکے ہیں۔

میچ سے قبل بابر 10 اننگز میں 485 رنز بنا چکے تھے، جبکہ اب وہ 2026 سیزن میں 588 رنز کے قریب پہنچ چکے ہیں اور فخر زمان کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ 588 رنز کے ریکارڈ کو توڑنے کے مضبوط امیدوار ہیں۔

اگر زلمی فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے یا ایلیمنیٹر کھیلتی ہے تو بابر اعظم کے پاس یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کا مزید موقع ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button