بشریٰ انصاری کا فردوس جمال کے بیان پر سخت ردعمل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ساتھی اداکار فردوس جمال کے متنازع بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی فنکار کو دوسرے فنکاروں کی تضحیک کا حق حاصل نہیں۔
بشریٰ انصاری، جن کا کیریئر چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے، نے ایک وی لاگ میں فردوس جمال کے حالیہ بیانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
اپنے ردِعمل میں انہوں نے کہا کہ وہ فردوس جمال کی بہت عزت کرتی ہیں، تاہم کسی کو بھی دوسرے اداکاروں کے بارے میں منفی یا توہین آمیز باتیں کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
اداکارہ کے مطابق شوبز انڈسٹری میں کمزور فنکار نہ ہونے کے برابر ہیں، اس لیے اس طرح کے بیانات کی کوئی ضرورت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فردوس جمال کو اپنی سوچ اور ذہنی کیفیت پر غور کرنا چاہیے کیونکہ منفی رویہ نہ صرف دوسروں بلکہ اپنے خاندان پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ فردوس جمال نے ایک پوڈکاسٹ میں مرحوم اداکاروں طلعت حسین، شفیع محمد، راحت کاظمی اور خیام سرحدی کے بارے میں منفی رائے دی تھی، جبکہ عابد علی کی اداکاری پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اچھے اداکار نہیں تھے۔
ان بیانات پر سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا تھا، خاص طور پر اس لیے کہ تنقید کا نشانہ بننے والے فنکار اب اس دنیا میں موجود نہیں۔