میکسیکو میں بڑی کارروائی، جالسکو کارٹیل کا اہم کمانڈر ’ایل جارڈینیرو‘ پکڑا گیا

مونتری: میکسیکو کی اسپیشل فورسز نے جالسکو نیو جنریشن کارٹیل (CJNG) کے اہم کمانڈر اوڈیاس فلورس عرف “ایل جارڈینیرو” کو مغربی ریاست نایاریت سے گرفتار کر لیا ہے۔
سیکیورٹی وزیر عمر گارشیا ہارفوچ کے مطابق فلورس کارٹیل کے ان بااثر رہنماؤں میں شامل تھا جو میکسیکو کے بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں میں وسیع نیٹ ورک پر کنٹرول رکھتے تھے۔ اسے کارٹیل کے سابق سربراہ “ایل مینچو” کا ممکنہ جانشین بھی سمجھا جا رہا تھا۔
میکسیکن بحریہ کے بیان کے مطابق کارروائی ایل میراڈور کے علاقے میں کی گئی، جو سیاحتی شہر پورٹو ویارٹا سے تقریباً 20 کلومیٹر دور ہے۔ فلورس کو تقریباً 30 گاڑیوں اور 60 سے زائد مسلح افراد کی سیکیورٹی حاصل تھی، تاہم وہ فرار کی کوشش کے دوران ایک نالے میں چھپتے ہوئے پکڑا گیا۔
بحریہ کا کہنا ہے کہ آپریشن انتہائی مہارت سے کیا گیا اور ایک بھی گولی چلائے بغیر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کارروائی کے لیے 19 ماہ تک نگرانی کی گئی اور 500 سے زائد اہلکار، 6 ہیلی کاپٹرز اور متعدد طیارے استعمال کیے گئے۔
حکام کے مطابق اس گرفتاری میں امریکی اداروں کی فراہم کردہ انٹیلی جنس بھی شامل تھی۔ فلورس کو امریکا کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور اس کی گرفتاری پر 50 لاکھ ڈالر انعام مقرر تھا۔
بعد ازاں حکام نے فلورس کے مبینہ مالی سہولت کار سیزر الیخاندرو عرف “ایل گیرو کونتا” کو بھی گرفتار کرنے کا اعلان کیا۔
ماہرین کے مطابق فلورس کی گرفتاری کارٹیل کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ وہ منشیات کی تیاری، اسمگلنگ اور امریکا میں تقسیم کے نیٹ ورک کا اہم کردار تھا۔