ایرانی سفیر: خلیجی خطے کے استحکام کے لیے حملوں سے تحفظ کی قابلِ اعتماد ضمانتیں ضروری ہیں

اقوام متحدہ: ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ خلیج میں تیل سے مالا مال خطے میں سلامتی کے لیے ایران کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کسی نئے حملے کے خلاف قابلِ اعتماد ضمانتیں درکار ہیں۔
ایرانی سفیر امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس اور وسیع خطے میں پائیدار امن اور استحکام صرف اسی صورت ممکن ہے جب ایران کے خلاف جارحیت کا مستقل اور پائیدار خاتمہ ہو اور دوبارہ کسی حملے سے بچاؤ کی ٹھوس اور قابلِ اعتبار ضمانتیں فراہم کی جائیں، جبکہ ایران کے خودمختار حقوق اور مفادات کا مکمل احترام بھی یقینی بنایا جائے۔
یہ اجلاس بحرین کی درخواست پر منعقد کیا گیا تھا، جس میں متعدد ممالک نے آبنائے ہرمز پر ایران کے مبینہ اثر و رسوخ پر تنقید کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے امریکہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے بحری ناکہ بندی لگا کر تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “امریکہ قزاقوں اور دہشت گردوں کی طرح برتاؤ کر رہا ہے، جو تجارتی جہازوں کو دھمکیاں دیتا ہے، عملے کو ہراساں کرتا ہے، غیر قانونی طور پر جہازوں کو ضبط کرتا ہے اور عملے کو یرغمال بناتا ہے۔”
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی بحری آمدورفت پر تشویش ظاہر کرنے والے ممالک امریکہ کے ان اقدامات کی مذمت نہیں کر رہے۔





