بابر اعظم کی قیادت، پشاور زلمی شاندار فارم کے ساتھ فائنل میں داخل

کراچی: پشاور زلمی نے کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری اور بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائر میں زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 221 رنز بنائے، جس میں بابر اعظم کی 59 گیندوں پر 103 رنز کی شاندار اننگز نمایاں رہی، جو پی ایس ایل میں ان کی چوتھی سنچری ہے۔
زلمی کی جانب سے جارحانہ آغاز دیکھنے کو ملا جب بابر اعظم اور محمد حارث نے 72 رنز کی شراکت قائم کی، حارث نے 16 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔ بعد ازاں بابر نے کوسل مینڈس کے ساتھ 84 رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم کی، مینڈس نے 26 گیندوں پر 41 رنز اسکور کیے۔
درمیانی اوورز میں کچھ وکٹیں گرنے کے باوجود بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالے رکھا اور 18ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کی۔ آخر میں ایرون ہارڈی کے 10 گیندوں پر 20 رنز کی بدولت زلمی کا اسکور 220 سے تجاوز کر گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رچرڈ گلیسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 18.4 اوورز میں 151 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اوپنرز ڈیون کونوے (20) اور سمیر منہاس نے 58 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
سمیر منہاس 23 گیندوں پر 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، مگر دیگر بیٹرز ناکام رہے۔ زلمی کے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ یکطرفہ بنا دیا۔
ایرون ہارڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صوفیان مقیم اور محمد باسط نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یونائیٹڈ کی ٹیم 100/4 سے 126/8 تک لڑکھڑا گئی جس کے بعد میچ ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اب فائنل تک رسائی کے لیے ایلیمنیٹر 1 کے فاتح سے مقابلہ کرے گی، جہاں ملتان سلطانز اور حیدرآباد کنگز مین آمنے سامنے ہوں گے۔



